شمالی وزیرستان:ڈرون حملے میں پانچ ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شمالی وزیرستان کے صدر مقام میر علی سے چھ کلومیٹر دور خوشحال کے علاقے میں امریکی جاسوس طیاروں نے چار میزائل فائر کیے۔ہمارے نامہ نگار دلاور خان وزیر نے بتایا کہ سرکاری اہلکار نے بتایا کہ یہ حملہ خوشحال کے گاؤں خئی سورا میں ہوا جس میں ایک گاڑی اور ایک دکان کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ دو امریکی جاسوس طیاروں نے چار میزائل داغے جن میں سے دو گاڑی پر لگے اور دو میزائل دکان پر۔
اہلکار کے مطابق گاڑی میں موجود پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کے پانچوں افراد شدت پسند تھے تاہم یہ معلوم نہیں ہوا کہ ہلاک ہونے والوں میں کوئی غیرملکی بھی شامل تھا یا نہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ان خبروں کے سامنے آنے کے بعد کہ شدت پسند یورپی شہروں پر ممبئی کی طرز کے حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، پاکستان کے قبائلی علاقوں پر ڈرون حملوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے اور یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ امریکہ ان حملوں کا دائرہ وسیع کرنا چاہتا ہے۔
تاہم پاکستان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے دائرے کو بڑھانا کسی طور پر پاکستان کو قابلِ قبول نہیں ہے اور یہ حملے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں مددگار ثابت نہیں ہو رہے ہیں۔