دہشت گردی
دہشت گردی کے حوالے سے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اب بھی بشمول القاعدہ کے سنی شدت پسند تنظیموں کو فنڈ مہیا کرتا ہے ۔گزشتہ سال دسمبر کی ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ قطر کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار نہایت مایوس کن ہے۔ اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ قطر کے حکام شدت پسندوں کے خلاف کارروائی اس لیے نہیں کرتے کہ انہیں ڈر ہے کہ یہ تاثر قائم نہ ہو جائے کہ قطر امریکہ کا ساتھ دے رہا ہے اور شدت پسند حملے نہ شروع کر دیں۔
جرمنی
سنہ دو ہزار سات میں امریکہ نے جرمنی کو بڑی سختی سے تنبیہہ کی تھی کہ وہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی ایجنٹوں کے خلاف مقدمہ دائر نہ کرے۔ سی آئی اے کے ایک ناکام آپریشن کے دوران ایک بےگناہ جرمن شہری اس وقت ہلاک ہوا تھا کیونکہ اس کا نام ایک شدت پسند کے نام سے مماثلت رکھتا تھا۔ اس شہری کو سی آئی اے نے اغوا کیا اور کئی ماہ افغانستان میں رکھا تھا۔دستاویز کے مطابق ایک سینیئر امریکی سفارتکار نے جرمنی کے حکام سے کہا کہ امریکہ کا مقصد دھمکی دینا نہیں بلکہ صرف یہ باور کرانا ہے کہ جرمنی کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے یہ جانچ لے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات پر کیا اثر پڑے گا۔